اسلام آباد سینیٹ کے انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے سینیٹ کے 52 ارکان 11 مارچ کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئین کےتحت 22 فروری تک ارکان اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنا ہیں، نوٹیفکیشن کا اجرا ہوتے ہی سینیٹ کے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔
سینیٹ کے 52 ارکان 11 مارچ کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے، سینیٹ کی 100 میں سے 53 نشستیں خالی ہوں گی جن میں سے 49 پر انتخابات ہوں گے۔
سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی 2021 میں 6سال کے لیے سینیٹرمنتخب ہوئے تھے، رانا مقبول کے انتقال اور انوار الحق کاکڑ کے وزیراعظم بننے سے سینیٹ کی 2نشستیں خالی ہیں۔
سینیٹ انتخابات کا انعقاد مارچ 2024 کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے، الیکشن میں کامیابی کے بعد بطور ممبر حلف اٹھانے پر ان کی سینیٹ نشست خالی ہوجائے گی۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے نومنتخب اراکین سینیٹرزکاانتخاب کریں گے، سینیٹ کے الیکشن کے بعد سینیٹرز چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کریں گے، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب 3سال کے لیے کیا جاتا ہے، سینیٹ کا الوداعی اجلاس 19 فروری کو بلایا گیا ہے۔