نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ماسکو میں ایک غیر رسمی ملاقات ہوئی، جو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ حکومت اجلاس کے موقع پر عمل میں آئی۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ ترجیحات پر گفتگو کی۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور قطری وزیراعظم نے علاقائی سطح پر تعاون بڑھانے کے امکانات، مختلف شعبوں میں روابط کے فروغ اور باہمی شراکت داری کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی۔ ملاقات کا ماحول خوشگوار رہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق رائے پایا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل اسحاق ڈار نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقات کی تھی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت بھی شریک تھے، جہاں علاقائی تعاون، معاشی روابط اور تنظیم کے فریم ورک کے تحت مشترکہ اہداف پر بات چیت ہوئی۔