گلشن اقبال کے علاقے بلاک 1 میں موچی موڑ کے قریب فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت 24 سالہ مصباح کے نام سے ہوئی جو یونیورسٹی کی طالبہ تھی۔
شہر قائد میں ڈاکو بے لگام ہوگئے جن سے بچوں اور بڑوں سمیت کوئی محفوظ نہیں رہا۔ پولیس نے بتایا کہ صبح 7 بجے مصباح اپنے والد کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ کر جامعہ کی بس کا انتظار کر رہی تھی کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے اسلحہ کے زور پر گاڑی میں سوار والد سے لوٹ مار کی۔
مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مصباح کو سر پر ایک گولی لگی جبکہ مسلح ملزمان فرار ہوگئے۔ اسے زخمی حالت میں قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔ اہل خانہ کے مطابق مصباح یونیورسٹی میں تھرڈ ایئر کی طالبہ تھی۔
ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے کچھ عینی شاہد ہیں، جائے وقوعہ سے شواہد جمع کئے ہیں اور ایک خول ملا ہے، جس کا فارنزک کرارہے ہیں، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔