داتا دربار کے قریب پولیس کی گاڑی کے نزدیک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔
ایس پی پولیس لائنزکے مطابق لاہورمیں داتا دربارکے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے نزدیک دھماکا ہوا، دھماکے میں 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید جب کہ 24 افراد زخمی ہوئے جنہیں میواسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شہید ہونے والوں میں ایلیٹ اہلکارشاہد، سلیم اورعام شہری رفیق شامل ہے۔
جائے وقوع پرپولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔ دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی آواز دوردور تک سنی گئی ہے جب کہ گاڑی کوشدید نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے والی جگہ کی سیکیورٹی رینجرزنے سنبھال لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم یہ دھماکا خودکش تھا یا نہیں اس حوالے سے فی الحال تفصیلات منظرعام پرنہیں آئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پولیس موبائل کے نزدیک دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس اورایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کی۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا اورانتظامیہ کودھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی جب کہ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ پولیس حکام اورسیف سٹیز اتھارٹی کے حکام کو بھی طلب کرلیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے دھماکہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو حملے کے ماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
عمران خان نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔