اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے فلیٹ میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ارکان قومی اسمبلی کے لیے بنائے گئے پارلیمنٹ لاجز کی تیسری منزل پر بنے فلیٹ میں لگی تاہم مریم اورنگزیب اس وقت وہاں موجود نہیں تھیں۔
اطلاعات کے مطابق مریم اورنگزیب اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک ہیں اور انہوں نے اپنے بھائی کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
آگ کا دھواں پارلیمنٹ لاجز بلاک اے پھیل چکا ہے اور وہاں رہائش پذیر خاندان گھروں میں محصور ہیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے اور رہائش پذیر لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈائریکٹر پارلیمٹ لاجز نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور مریم اورنگزیب کے 2ملازمین کو بروقت فلیٹ سے نکال لیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجوہات کے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم ملازمین کا کہنا ہے کہ آگ گیلری میں لگے گیزر سے لگی۔