ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے باعث تفتان میں پاک ایران سرحد تیسرے روز بھی بند رہی جب کہ بلوچستان حکومت نے اندرون ملک سے ایران جانے والے زائرین کو صوبے میں داخل ہونے سے روکنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان نے ملک کے دیگر علاقوں سے بلوچستان آکر تفتان کے راستے ایران جانے والے زائرین کو صوبے میں داخل ہونے سے قبل روک کر واپس کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
یہ احکامات ایران میں کورونا وائرس کی موجودگی کے پیش نظر جاری کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی نے صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں کے پی کے اور اسلام آباد سے آنے والے زائرین کو روکنے کے لیے شیرانی میں چیک پوسٹ قائم کردی ہے۔
چیک پوسٹ میں تعینات لیویز اور پولیس کے اہلکار کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام آباد اور کے پی کے سے آنے والے زائرین کو واپس بھیج دیا جائے۔
رجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں کورونا کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں، تفتان میں پاک ۔ ایران سرحد فی الحال بند ہے اور تفتان میں بنیادی مرکز صحت میں قرنطینہ مرکز قائم کردیا گیا ہے۔