اسلام آباد: اوئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی( اوگرا) نے حکومت کو سفارش کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
اوگرا نے فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں چھ روپے کمی کی تجویز دی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں سات روپے کمی کی تجویز حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔
سمری کی حتمی منظور وزیراعظم عمران خان دیں گے جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ2020 سے ہوگا۔
اوگرا نے گزشتہ ماہ قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی تھی تاہم حکومت نے سمری مسترد کر دی تھی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 10 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر اور پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ حکومت نے 2019 میں پٹرول کی قیمت میں 23.02 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل 18.42، لائٹ ڈیزل 5.99 اور مٹی کے تیل میں 12.85روپے فی لٹر اضافہ کیا تھا۔ گیس کی قیمتوں میں گزشتہ سال میں 114 فیصد ہوا۔