پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت نے نہ صرف ایندھن کی کھپت کم کی ہے بلکہ قومی معیشت پر بھی نمایاں مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔
حالیہ تخمینوں کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ملک کو تیل کی درآمدات میں 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی بچت ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں ملک کی سڑکوں پر 30 ہزار سے زائد ہائبرڈ گاڑیاں شامل ہوئیں، جنہوں نے تقریباً 3 کروڑ لیٹر ایندھن بچایا۔ ماہرین کے مطابق اگر ہائبرڈ گاڑیاں مجموعی آٹو مارکیٹ کا 25 سے 30 فیصد حصہ بن جائیں تو مستقبل میں تیل کی درآمدی لاگت میں مزید نمایاں کمی ممکن ہے۔
لکی موٹر کارپوریشن (ایل ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ صارفین کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق، ہائبرڈ گاڑیاں بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک یا پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ قابلِ بھروسہ اور کم خرچ ہیں، کیونکہ ان کی دیکھ بھال آسان اور ایندھن بچت زیادہ ہے۔
پاکستانی آٹو مارکیٹ میں سالانہ ایک لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ یونٹس فروخت ہوتے ہیں، جن میں اب ہائبرڈ گاڑیوں کا حصہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں ہائبرڈ اسپورٹ یوٹیلٹی گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 50 فیصد سے تجاوز کر چکا ہے۔
2021 کے بعد ملک میں 13 نئے الیکٹرک ماڈلز متعارف کرائے گئے، جن میں سے 9 ہائبرڈ گاڑیاں کورین، چینی اور جاپانی کمپنیوں کی جانب سے پیش کی گئیں۔ محمد فیصل کے مطابق تمام بڑے اسمبلرز نے گزشتہ تین برسوں میں مقامی ہائبرڈ پروڈکشن میں سرمایہ کاری بڑھائی ہے اور اب کئی ماڈلز 35 فیصد تک مقامی طور پر تیار کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ گاڑیاں توانائی کی بچت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی 40 فیصد تک کمی کا باعث بنتی ہیں۔ بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کے برعکس، ہائبرڈ گاڑیاں بغیر چارجنگ کے خودکار طور پر توانائی پیدا کرتی ہیں، جو انہیں پاکستان جیسے ملک کے لیے زیادہ موزوں بناتی ہے جہاں بجلی کی قلت اور چارجنگ انفرا اسٹرکچر کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔
محمد فیصل نے کہا کہ ہائبرڈ گاڑیاں عملی، سستی اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے قابلِ عمل حل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ ہائبرڈ گاڑیاں پٹرول گاڑیوں سے 15 تا 20 فیصد مہنگی ہیں، لیکن ان کی ایندھن بچت، کم دیکھ بھال کے اخراجات اور دوبارہ فروخت کی بہتر قیمت انہیں صارفین کے لیے ایک پائیدار متبادل بناتی ہیں۔