اسلام آباد کی انسداد الیکٹرنک کرائم کورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے مقدمے میں سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو بری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد الیکٹرانک کرائم عدالت کے جج طاہر محمود نے محفوط شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو باعزت بری کر دیا ہے، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ فیصل رضا عابدی کے خلاف کوئی الزامات ثابت نہ کرسکا۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ بولنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف 21 ستمبر 2018 کو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اسلام آباد کے تھانہ سیکٹریٹریٹ میں مقدمہ سپریم کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔
جبکہ پیمرا نے عدلیہ مخالف پروگرام نشر کرنے پر نجل چینل کے پروگرام پر تین ماہ کے لئے پابندی عائد کی تھی اس کے علاوہ پیمرا نے نجی چینل کو پانچ لاکھ روپے جرمانے اور پرائم ٹائم میں معافی نشر کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔