پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں، مزدور، کسانوں اور پورے پاکستان کا ایک ہی نعرہ ہے گو سلیکٹڈ گو، سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھربھجوا کر چھوڑیں گے۔
جمعہ کو آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے اکٹھے ہو کر وفاق، اسلام آباد اور پارلیمان کو واضح پیغام دیا ہے کہ ملک کی عوام آج بھی صرف اور صرف جمہوریت چاہتی ہے
وہ اسلامی وفاقی اور جمہوری پارلیمانی نظام جس کو ہم سب نے ملک 1973کے آئین میں پاس کی اتھا وہی آئین ملک کی عوام چاہتی ہے، عوام سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی نظام کو نہیں مانتی ، نئے پاکستان میں کس قسم کی جمہوریت اورآزادی ہے کہ 70سال گزرنے کے باوجود ہم صاف شفاف انتخابات نہیں کروا سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے پاکستان میں کس قسم کی جمہوریت اورآزادی ہے کہ 70سال گزرنے کے باوجود ہم صاف شفاف انتخابات نہیں کروا سکتے، فوج کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ہم سب کی فوج ہے ہم سب نے مل کر اس کو غیر سیاسی رکھنا ہے، ہم فوج کو غیر متنازع نہیں ہونے دیں گے-
آج حکومت کے ساتھ ساتھ ہمارا میڈیا بھی سلیکٹڈ ہے،معاشی دہشت گردی سے ہر طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، جو ایک پاکستان کا دعویٰ کرتے تھے، عوام کو تکلیف اور امیروں کو ریلیف دے رہے ہیں،ہر جمہوری قدم میں ان کے ساتھ ہوں گے اور اس سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی وزیراعظم کو مل کر گھر بھیجیں گے۔