جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کے استعفیٰ کیلئے دو دن کی مہلت دیدی
اسلام آباد میں میں آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا پوری دنیا نے یہ دیکھ لیا ہے کہ عوام کو حق حکمرانی حاصل ہے، کسی اور کو پاکستان پر مسلط ہونے کا حق حاصل نہیں ہے ولولہ عزم سب کے ساتھ ہے، جس جذبے اور عزم کے ساتھ شریک ہوئے ہیں، قومی یکجہتی کا اظہار ہورہا ہے،حکومت کا خاتمہ قومی مطالبے کا روپ دھارچکا ہے یہ سنجیدہ اجتماع ہے جسے پوری دنیا سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے کسی سے کوئی کمٹمنٹ نہیں کی، میڈیا پر پابندی نہ ہٹی تو ہم بھی کسی بات کے پابند نہیں رہیں گے- عمران خان چوروں کا چور ہے، عوامی سمندر قدرت رکھتا ہے کہ اسلام آباد میں اسے گھر جاکر گرفتار کرلے-
انہوں نے کہا کہ 25جولائی 2018ء کو فراڈ انتخابات ہوئے تھے، بدترین دھاندلی ہوئی تھی ، نتائج کو تسلیم نہیںکرتے، دھاندلی کے نتیجے میں قائم حکومت کو تسلیم نہیںکرتے ، ایک ہی فیصلہ ہے کہ اس حکومت کو گھر جانا ہے۔ بڑی مہلت دیدی ہے، ایک سال سے برداشت کررہے ہیں مزید برداشت کرنے کے روادار نہیں ہوسکتے ۔ پوری قوم ان سے آزادی چاہتی ہے۔