العزیزیہ فلیگ شپ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم کے وکلا یو کے لینڈ رجسٹری سے تصدیق شدہ دستاویزات جمع کرانے عدالت پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمع کرائی جانے والی دستاویز حسن نواز کی فروخت شدہ پراپرٹی سے متعلقہ ہے ، جسے جمع کرانے کے لئے نواز شریف کے وکلا عدالت پہنچے، اس سے قبل احتساب عدالت نے فلیگ شپ اور العزیزیہ کے فیصلے سے قبل خواجہ حارث کو دستاویز جمع کرانے کا وقت دیا تھا۔
یاد رہے کہ انیس دسمبر کو احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز میں فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے خواجہ حارث کی حسن نواز کی پراپرٹی سے متعلق مزید کاغذات جمع کرانے کے لئے ایک ہفتہ کی استدعا مستر کر دی تھی۔
اس سے قبل فلیگ شپ ریفرنس میں نیب پراسیکیوٹر نے حتمی دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان کو صفائی دینے کے تین تین موقع دیئے گئے مگر انہوں نے جائیداد کے ذرائع نہیں بتائے۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر بولے فلیگ شپ سے نواز شریف کو 7 لاکھ 80 ہزار درہم کے مالی فوائد ملے اور یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز میں ان کے وکیل خواجہ حارث نے قانونی نکات پر دلائل مکمل کئے تھے۔