قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس آج سہ پہر تین بجے ہو گا۔
اجلاس کی صدارت کرنے کے لیے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور چئیرمین پی اے سی شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے گئے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کا یک نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، اجلاس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ونگ کی جانب سے ارکان کو بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس آج سے شروع ہو کر یکم جنوری تک جاری رہے گا۔
رواں ہفتے حکومت نے شہباز شریف کو چئیرمین پی اے سی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسیکنڈل اور صاف پانی کیس سمیت اربوں روپے کے مبینہ گھپلوں کے الزامات کی بنیاد پر نیب کی تحویل میں ہیں۔
گزشتہ روز قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے تھے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اس سے قبل بھی شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جاچکے ہیں۔