وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ ای سی ایل پر نام ڈالنے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور سرکاری دورے پر باہر جانا پڑا تو کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔
سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت اور فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کے پاس کچھ کرنے کو نہیں، ٹی وی پر آنے کے لیے خبر بناتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مرغیاں انڈے پرانی چیزیں ہو چکی ہیں جب کہ سیاست اور جمہوریت کا یہ لیول ہوگیا ہےکہ وزیراعظم کی سندھ آمد کو سازش کہا جاتا ہے، عمران خان پاکستان کے وزیراعظم ہیں، جب چاہیں سندھ آسکتےہیں۔
ای سی ایل میں نام سے متعلق مراد علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ دے دیا، ای سی ایل پر نام ڈالنے سے مجھے فرق نہیں پڑتا، سرکاری دورے پر باہر جانا پڑا تو کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرکز میں بلاول اور آصف زرداری نےعوامی مسائل پر اپوزیشن سے اتحاد کیا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت صرف انتقامی کاروائیاں کررہی ہے۔