وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بز دار نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے سانحہ ساہیوال پر انصاف کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا ہے۔
پارٹی رہنماؤں سے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 72 گھنٹوں میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے اعلان پر عمل کر کے دکھایا ہے۔ نئے پاکستان میں قانون سے تجاوز کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔
و زیراعلی نے بتایا کہ تاریخ میں کبھی ا س طرح کے واقعات پر اس قدر تیز ترین فیصلے نہیں ہوئے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی ابتدائی رپورٹ کے تناظر میں فیصلے کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب انصاف کے وعدے کے ساتھ کھڑی ہے. قانون کی بالا دستی وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کا پہلے دن سے وعدہ ہے لہذا سب سن لیں کہ قانون، میرٹ اور انصاف کی فراہمی ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔
اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال پرمیڈیا کو ان کیمرہ بریفننگ دی جائے گی جو کہ آج ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار کسی حکومت نے اتنے کم وقت میں کسی واقعے کی تحقیقات مکمل کی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس مقدمے کا چالان جلد از جلد مکمل کرکے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرا دیا جائے۔
راجہ بشارت نے بتایا کہ میں اس بیان پر قائم ہوں کہ سی ٹی ڈی نے آپریشن معلومات کی بنیاد پر کیا تھا۔ چند دن انتظار کے بعد تمام معاملات سامنے آجائیں گے۔