تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈی میں کام بند کردیا۔
کراچی کے جناح اور سول اسپتال سمیت تمام اضلاع کے اسپتالوں میں او پی ڈیز بند ہیں، ڈاکٹرز الاؤنسز اور تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں۔
ڈاکٹرز کا کہناہےکہ محکمہ صحت سندھ کی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، تمام اسپتالوں میں اوپی ڈی تین دن تک بند رہے گی اور اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو ایمرجنسی سمیت دیگر وارڈز میں بھی ہڑتال کریں گے۔
دوسری جانب حیدرآباد میں بھی سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز احتجاج میں شامل ہیں اور بھٹائی اسپتال میں احتجاج کے باعث او پی ڈی کا بائیکاٹ کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں نے اسپتال کے احاطے میں احتجاج کرتے ہوئے تنخواہیں پنجاب کےڈاکٹروں کے مساوی کرنے کا مطالبہ کیا۔
ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث او پی ڈی میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، دور دراز سے آئے مریض علاج کرائے بغیر ہی جانے پر مجبور ہیں۔