بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کو اسرائیل کی بربریت قرار دے دیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی سینئر رہنما عمر ایوب نے انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردِ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر کہا ہے کہ یہ اسرائیل کی بربریت ہے۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ توشہ خانہ کیس میں کچھ نہیں، عدت کیس میں بانی پی ٹی آئی بری ہوچکے اور 190 ملین پاؤنڈ کیس ہی نہیں بنتا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد علیل ہیں اور عالیہ حمزہ کو جھوٹے کیسز میں شامل کیا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ سے بھی عالیہ حمزہ کو جھوٹے کیسز میں ڈالنے کا کام ہو رہا ہے۔ کراچی میں ہمارے ورکرز کو پکڑا گیا، بوگس کیسز بنائے گئے۔ آصف زرداری اور وزیراعلیٰ سن لیں آپ کا فراڈ پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔