وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور ایسے دوست کے ساتھ تعلقات پر سیاست کی کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں۔
اتوار کو وزیر اعظم نے چین کے سرکاری ادارے ’چائنا پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن‘ کی دعوت پر چین کے سرکاری دورے سے واپس آنے والے صحافیوں کے سات رکنی وفد سے لاہور میں ملاقات کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ چین میں چینی قیادت اور چینی عوام کی جانب سے مثالی مہمان نوازی پر ان کے مشکور ہیں اور حالیہ دورہ چین کے بعد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں اور سی پیک جیسے قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین جیسے دیرینہ دوست کے ساتھ تعلقات پر سیاست کی کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں اور سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ چینی ماہرین کے پاکستان کے حالیہ دورے میں مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وفد کے ارکان نے وزیر اعظم کو اپنے دورہِ چین کے دوران تجربات اور پاک چین تعلقات کے حوالے سے اپنے خیالات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے وزیرِ اعظم کو چینی قیادت اور چینی عوام کے حکومت پاکستان کے بارے تاثرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کی موجودہ رفتار اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی اقدامات پر اطمینان کا تاثر پایا جاتا ہے۔
وفد کے شرکا نے مزید بتایا کہ انکے حالیہ دورے کے دوران چینی عہدیداران سے ملاقات میں چین پاکستان معاشی شراکت داری کے بارے میں عمومی اور سی پیک پر خصوصی گرم جوشی کا تاثر ملا ہے۔