امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 8 اگست سے دھرنا مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 11 اگست کو لاہور میں دھرنا دیا جائے گا، 12 اگست کو پشاور میں دھرنا دیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ 14 اگست کے بعد تاجروں سے مشاورت کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چاہتے ہیں بجلی کی قیمت کم ہو، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی ناگزیر ہے، آئی پی پیز کو جو کیپسٹی پیمنٹ دی جارہی ہے وہ قوم کو منظور نہیں ہے، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمیں اعلانات اور کمیٹیاں نہیں اقدامات چاہئیں، ہماری کمیٹی 25 کروڑ عوام کا مقدمہ پوری دنیا کے سامنے لڑ سکتی ہے، ہمارا ایجنڈا واضح ہے اور یہ دھرنا ختم نہیں ہوگا، ہم ملک کے حالات خراب نہیں کرنا چاہتے۔
ملک کے حالات خراب کرنے میں بہت سے لوگ ملوث ہیں، مری روڈ پر امن مارچ ہوگا، مری روڈ پر مارچ ہمارا حق ہے، مارچ کے حوالے سے تفصیلات کل بتائوں گا، دھرنا اور مذاکرات جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا لیاقت باغ چوک پر جاری دھرنا بارہویں روز میں داخل ہوگیا ہے، اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے مزید قافلے بھی احتجاج کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔
بجلی کے بھاری بلوں، ٹیکسوں کی بھرمار، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں، پٹرول اور گیس کی قیمتوں، مہنگائی سمیت دیگر مطالبات کے لیے جماعت اسلامی کے راولپنڈی دھرنے کا مسلسل بارہواں دن ہے اور شرکاء کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔