بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر تحریک انصاف نے آج ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اعظم سواتی نے یہ اعلان بیرسٹرگوہرکی موجودگی میں کیا، اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ جلسہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر ملتوی کیاگیا ہے۔
تحریک انصاف کا جلسہ اب 8ستمبرکوہوگا،اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اعظم سواتی کو بلا کر جلسہ ملتوی کرنے کی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ ٹیکسلا شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا کر اسلام آباد جانے والی جی ٹی روڈ مارگلہ سے بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹروے استعمال کرنے والوں کے لیے براہمہ انٹرچینج سے راستہ بند کر دیا گیا۔
ٹیکسلا شہر کا داخلی راستہ جی ٹی روڈ واہ گارڈن پل سے بند ہے، بعض مقامات پر بمشکل ایک گاڑی گزرنے کی گنجائش ہے، پی ٹی ائی نے ٹیکسلا سے متعلقہ شہر ترنول میں جلسے کا اعلان کر رکھا تھا۔
صوابی سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی، پنڈدادنخان میں موٹروے ایم ٹوللہ انٹرچینج سے راولپنڈی سائیڈ رکاوٹیں لگا کر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔
لاہور میں پولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ پر تحریک انصاف کے قافلے کو روک لیا، موٹروے راوی ٹول پلازہ اسلام آباد جانے کے لئے بند کر دیا گیا، ٹھوکر سے اسلام آباد ٹریفک بابو صابو چوک اورسگیاں بھجوایا جا رہا ہے۔