وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاق سندھ کو اس کے آئینی حق کے مطابق گیس فراہم کرے اور سندھ اپنے آئینی حق کے لیے لڑتا رہے گا۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، اس تبدیلی میں معیشت کا بہت بڑا کردار ہے، تیزی سے تبدیل ہوتی دنیا میں ہم مواقع ضائع نہیں کرسکتے، ہمیں مل کر انسانی ترقی پر خصوصی توجہ دینی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کی ڈوئنگ بزنس رپورٹ سرمایہ کاروں کے لیے بہت اہم ہے، ایسی رپورٹ کو دیکھ کر سرمایہ کار ملکوں کا چناؤ کرتے ہیں، وفاق سندھ کے وسائل پورے کرے ہم اس عالمی بینک رپورٹ میں ٹاپ ٹین پر آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ نے کاروبار آسان بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کیے ہیں، پاکستان کو کاروبار آسان بنانے کا ہدف پورا کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگلے سی سی آئی اجلاس میں وفاق سے گیس کے معاملے پر بات کریں گے، وفاق سے درخواست ہے کہ سندھ کو اس کے آئینی حق کے مطابق گیس فراہم کرے، سندھ اپنے آئینی حق کے لیے لڑتا رہے گا، مشترکہ مفادات کونسل میں گیس کے مسئلے پر بات کریں گے۔