کراچی، 2 فروری 2026 – پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ نے قونصلیٹ جنرل آف جاپان کراچی کی سرپرستی میں اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے 38 واں سالانہ اردو ہائیکو مشاعرہ ہفتہ کی شام 31 جنوری 2026 ءکو حسینہ معین ہال، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد کیا۔
مشاعرے کی نظامت کی ذمہ داری محترمہ وضاحت نسیم نے انجام دی۔ مشاعرے کی صدارت جناب فراست رضوی نے کی جبکہ کراچی میں جاپان کے معزز قونصل جنرل جناب ہا تتوری ماسارُو مہمان خصوصی تھے۔
مشاعرے کا آغاز پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکریٹری جناب سلیم احمد کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد ایسوسی ایشن کے نائب صدرِ اول جناب عظمت آتا کا نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے معزز قونصل جنرل جاپان کا شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل سرپرستی اور تعاون سے پی جے سی سے کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔ جناب عظمت آتا کا نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر جناب محمد احمد شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی فراخ دلانہ معاونت اور تعاون سے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن کے پروگراموں کا انعقاد ممکن ہو رہا ہے۔ انہوں نے مشاعرے کی صدارت قبول کرنے پر جناب فراست رضوی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ جناب عظمت آتا کا نے ہمدرد گروپ کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے مشاعرے میں شرکت کرنے والے تمام شعرا کے لیے فراخ دلانہ طور پر گفٹ ہیمپرز فراہم کیے۔ انہوں نے ہمدرد گروپ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس معاونت نے اس ادبی تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مشاعرے میں صدرِ مشاعرہ جناب فراست رضوی کے علاوہ تقریباً اکیس شعرا ئے کرام نے شرکت کی۔ مشاعرے میں شرکت کرنے والے شعرا ء کے نام حروف تہجی کی ترتیب سے درج ذیل ہیں:
افضل ہزاروی، ڈاکٹرجمال نقوی، حمیدہ کشش، خالده عظمیٰ، روبینہ تحسین بینا، زاہد حسین زاہد جوہری، سحر علی، سرور شامال، سعید احمد سعدی، سہیل احمد صدیقی، سید معراج جامی، شاعر علی شاعر، شاہ فہد، شاہدہ اسرار، شہاب الدین شہاب، شہزاد نیاز، ڈاکٹرعابدہ گھانگھرو، کازونُوری ماتسُودا، نسیم نازش، وضاحت نسیم اور یاسمین یاس۔
مشاعرے کے اختتام پر صدر مشاعرہ جناب فراست رضوی نے صدارتی خطاب کیا اور اپنے ہائیکو بھی پیش کیے۔ مشاعرے میں شعرا، ادبی شخصیات اور اردو ہائیکو سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پروگرام کو بھرپور پذیرائی ملی۔