اسلام آباد: جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری ہو رہی ہے۔
مغربی ہواؤں کا دباؤ بڑھنے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
مری میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ پاراچنار، شانگلہ، زیارت، گلگت بلتستان، کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں برفباری سے سڑکیں بند ہو گئیں۔
کوئٹہ چمن عالمی گزر گاہ میں ہیوی مشینری کو سڑکوں سے برف ہٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں شدید بارشوں اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ چمن کے ندی نالوں میں طغیانی سے کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے جب کہ بیشتر مقامات پر کچی مکانات گر گئے ہیں۔
بلوچستان انتظامیہ نے بالائی سیلابی ریلوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر رکھا ہے جب کہ پی ڈی ایم اے اہلکاروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے