اداکارہ میرا بھی اکاؤنٹ ہیکرز کا شکار ہوگئیں، میرا کے اکاؤنٹ سے چار لاکھ روپے کی رقم نکال لی گئی۔ اداکارہ نے تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کراتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ میں دبئی سے ٹی 10 دیکھ کر واپس آئی اور اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر معلوم ہوا کہ اکاؤنٹ میں رقم نہیں ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کوئی ایس ایم ایس اور ای میل موصول نہیں ہوئی، انہوں نے تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کراتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے گزشتہ کچھ عرصے میں شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے رقم منتقل کیے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، اس سے قبل خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل) کے ریٹائرڈ سائنسدان ڈاکٹر یوسف خلجی کے پنشن اکاؤنٹ پر ہیکرزنے حملہ کرکے 30 لاکھ روپے چرا لیے تھے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم کے ڈائریکٹر کیپٹن محمد شعیب کا کہنا تھا کہ ہر کیس مختلف ہوتا ہے لیکن بہت سے بینکوں نے اپنا ڈیٹا لیک ہونے کی شکایت کی ہے، حالیہ ہیکنگ کے واقعات ایک دوسرے سے مختلف ہیں جس پر تحقیقات کی جارہی ہے۔