حال ہی میں مخلتف سوشل سائٹس جیسے کی ٹوئٹر، فیس بک یا انسٹا وغیرہ پر معروف پاکستانی سیلبریٹیز کی تصاویر آپ کی نظر سے گزری ہوں گی جن میں وہ اپنا ٹھپہ لگا ہاتھ نمایاں کر رہے ہیں۔ یہ ٹھپہ کوئی عام ٹھپہ نہیں بلکہ آپ تک ایک بہت ہی خاص پیغام منفرد انداز میں پہنچانے کیلئے لگایا گیا ہے۔
ہمارے معاشرے میں شادی جیسی آسان چیز کو جہیز جیسی لعنت نے مشکل بنا دیا ہے۔ اچھے خاصے گھرانوں کی تعلیم یافتہ اورسلیقہ شعارلڑکیاں جہیز کی وجہ سے گھرمیں بیٹھی رہ جاتی ہیں۔ پاکستانی شوبزاسٹارز نے اس رسم کے خلاف کمر کس لی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تحفظ نسواں کے پاکستان چیپٹرنے جہیز کی لعنت کے خلاف سلوگن ’’جہیز خوری بند کرو’’ متعارف کروایا ہے۔
شوبزستارے اس سلوگن کو اپنے ہاتھوں پر ٹھپے کی صورت میں لگا کر سوشل میڈیا کے ذریعے آگہی مہم چلا رہے ہیں۔
اس مہم کو سوشل میڈیا پر آگے بڑھانے والوں میں اسد صدیقی، عدنان صدیقی،جگن کاظم، عائشہ عمر، اقرا عزیز، نورالحسن، ثناجاوید، احمد بٹ اور دیگر نمایاں نام شامل ہیں۔
اس حوالے سے یو این ویمن پاکستان کے ٹوئٹراکاؤنٹ پربھی بتایا گیا ہے کہ رشوت خوری اور مفت خوری کی اصطلاحات کیطرح جہیزخوری کی اصطلاح متعارف کروائی گئی ہے۔