پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ اور اداکارہ مہوش حیات کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی گولہ باری جاری ہے۔
چند روز قبل فہد مصطفیٰ نے ویب سیریز میں دکھائے جانے والے موضوعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عریانی، بیہودہ زبان اور صرف جنس پر بات کرنا موضوعات میں شمار نہیں ہوتا، یہ اظہار رائے کی آزادی نہیں ہے، اداکار خود کو بے وقعت کرکے بیچ رہے ہیں اور یہ ٹھیک بات نہیں ہے۔ ویب سیریز اور مختصر دورانیے کی فلموں کو مزید باوقار ہونا ہوگا۔
فہد مصطفیٰ کا یہ ٹوئٹ اداکارہ مہوش حیات کی ویب سیریز ’’عنایا‘‘ کے ٹریلر کے محض چند روز بعد ہی سامنے آیا تھا لیکن فہد مصطفیٰ نے اپنی ٹوئٹ میں کسی کا نام نہیں لیا تھا، تاہم اداکارہ مہوش حیات نے بھی ویب سیریز پر تنقید کرنے کے لیے فہد مصطفیٰ کو نام لیے بغیر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے بہت افسوس کی بات ہے کہ کچھ لوگ میری ویب سیریز’’عنایا‘‘ کو دیکھے بغیر اس پر تبصرے کررہے ہیں۔ حالانکہ ویب سیریز میں ان دومکالموں کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے دکھانے کو جو آج کے نوجوانوں کے کلچر کی حقیقی تصویر پیش کرتا ہے بلکہ یہ سین کے حساب سے مناسب ہے۔ چلو اب بڑے ہوجاؤ اور ان مکالموں کو قبول کرو کیونکہ یہ چند الفاظ قوم کو خراب کرنے کے لیے نہیں ہیں۔ شکریہ۔
https://www.instagram.com/p/BtLy0yNheVj/
واضح رہے کہ مہوش حیات سے قبل’’عنایا‘‘ کے ہدایت کار وجاہت رؤف بھی فہد مصطفیٰ پر تنقید کرچکے ہیں جس پر فہد نے اپنی پوزیشن کلیئرکرتے ہوئے کہا تھا کہ میری ٹوئٹ آپ کی نہیں بلکہ غیر ملکی ویب سیریز کے بارے میں تھی۔