گلوکار ابرارالحق نے کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 میں اپنا شہرہ آفاق گیت ’بلو‘ نئے انداز میں گا کر مداحوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔
90ء کی دہائی میں زبان زد ِ عام ہونے والے پنجابی گیت ’کنے کنے جانا بلو دے گھر‘ نے جدت کے ساتھ ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی۔ ابرارالحق نے اپنے مخصوص انداز میں تھوڑی ترمیم کے ساتھ ’بلو‘ گیت دوبارہ پیش کیا جسے خوب پذیرائی ملی ہے۔
گانا ریلیز ہوتے ہی ’بلو‘ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور صارفین نے پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 90ء کی دہائی کی یاد تازہ ہوگئی۔ یوٹیوب پر گانے کو ریلیز ہوئے ابھی چند ہی گھنٹے ہوئے ہیں اور اب تک قریباً 3 لاکھ بار اس گیت کو دیکھا جاچکا ہے۔