ابوظہبی ٹیسٹ میں مایہ ناز بالر یاسر شاہ وکٹوں کی ڈبل سنچری کا اسی سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ نے 36 ٹیسٹ میں دو سو وکٹیں لی تھیں۔ لیگ اسپنر 32 ٹیسٹ میں 198 پلیئرز کو ٹھکانے لگاچکے ہیں۔
یاسرشاہ اور ریکارڈز کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ریکارڈ لیگ اسپنر کا تعاقب کرتے ہیں۔آج سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں یاسرشاہ ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ نے اسی سال قبل 36 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یاسرشاہ 32 ٹیسٹ میں 198 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا چکے ہیں۔ انہیں ٹیسٹ وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف دو وکٹیں درکار ہیں۔
لیگ اسپنر نے دبئی ٹیسٹ میں چودہ وکٹیں لیکر قومی ریکارڈ برابر کیا تھا جبکہ وہ سیریز کے دو ٹیسٹ میں وہ 22 کھلاڑی آؤٹ کر چکے ہیں۔ یاسرشاہ ابوظہبی ٹیسٹ کے بعد مزید دوٹیسٹ میں بھی دو سو وکٹیں مکمل کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں تاہم ان کی موجودہ شاندار فارم سے امید ہے کہ وہ کیویز سے فیصلہ کن معرکے میں ہی عالمی ریکارڈ مکمل کرلیں گے۔