سری لنکن ٹیم سلو اوور ریٹ کے نئے قانون کی زد میں آنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں سلو اوور ریٹ پر پہلے کپتان اور ٹیم کو جرمانہ کیا جاتا تھا تاہم حال ہی میں آئی سی سی نے ایک نیا قانون متعارف کرایا، جس کے تحت میچ کے دوران ہی مقررہ وقت سے پیچھے رہنے والی ٹیم کو سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا اور سری لنکا اس نئے قانون کا پہلا شکار بن گئی۔
اس نئے سسٹم کے تحت آخری اوور اننگز کے آغاز کے 85 منٹ بعد شروع ہونا چاہیے تاہم سری لنکا کی ٹیم اس حد کو پار کرچکی تھی، اس لیے کپتان ڈاسن شناکا کو فیلڈ امپائرز نے حکم دیا کہ وہ سرکل کے باہر سے اپنا ایک فیلڈر ہٹادیں، یہ اوور کیریئر کا پہلا انٹرنیشنل ٹی 20 کھیلنے والے نوان تھشارا نے کرایا، جس میں میتھیو ویڈ نے ایک چھکا اور ایک چوکا جڑا جبکہ مجموعی طور پر اس اوور میں 16 رنز بنے۔
اس میچ کے موقع پر آسٹریلیا کے عبوری کوچ اینڈریو مک ڈونلڈ نے کہا کہ عام طور پر یہ شکایت رہتی ہے کہ میچ بہت طول پکڑ جاتا ہے، اس قانون کی موجودگی میں بولرز کو معلوم ہوگا کہ انھوں نے تاخیر کی تو آخری اوور دائرے سے باہر 4 فیلڈرز کے ساتھ کرنا ہوگا۔