قانون نافذ کرنے والوں نے اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے رہنما مولانا عبد الرحمٰن مکی کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حافظ عبد الرحمٰن مکی پر الزام ہے کہ انہوں نے چند روز قبل گجرانوالہ میں مذہبی منافرت اور اشتعال انگیزی پر مبنی تقاریر کیں تھی اس کے علاوہ حافظ عبد الرحمٰن مکی پر کالعدم تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے لئے چندہ مانگنے کا بھی الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق انہیں ملکی سطح پر کالعدم تنظیموں پر جاری کریک ڈاؤن کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز تقریریں کرنے اور تنقید کرنے پر، نقص امن عامہ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ اور پنجاب پولیس حکام نے عبدالرحمان مکی کی گرفتاری کی تصدیق کر دی،وزارت داخلہ کے مطابق عبدالرحمان مکی کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیاہے،ان کے خلاف الزامات کی تفصیلات فی الحال شیئر نہیں کی جا رہیں۔
عبدالرحمان مکی کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے برادر نسبتی ہیں، اس کے علاوہ عبدالرحمان مکی کالعدم جماعت الدعوۃ کے نائب امیر ،سیاسی اور خارجہ امور کے نگران بھی ہیں۔