وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں موجودہ حکومت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلیے ایک جامع اورمربوط پروگرام ’’وزیرِاعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘ کی اصولی منظوری دیدی۔
وزیراعظم آفس میں خصوصی اجلاس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے وزیرِاعظم کو ’’وزیرِاعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘ اور اس کے تحت نوجوانوں کیلیے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے تحت نوجوانوں کو روزگار، تعلیم کی فراہمی کے علاوہ انہیں ہنرمند بنانے اور ان کی تعمیری صلاحیتیوں کو مثبت طور پر بروئے کار لانے کیلیے مختلف پروگراموں کا اجرا کیا جائے گا۔
ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ وزیرِاعظم یوتھ پلس پورٹل کی مدد سے نوجوانوں سے فیڈ بیک حاصل کیا جائے گااور ان کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر پالیسیاں بھی تشکیل دی جائیں گی۔نیشنل یوتھ ڈیولپمنٹ انڈیکس مرتب کیا جائے گا۔کامیاب جوان پروگرام کے تحت 40 سے زائد شعبہ جات کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔
اس پروگرام کے تحت مختلف پروگرامز میں یوتھ اکنامک ڈیولپمنٹ امپاورمنٹ پروگرام، وزیرِاعظم گرین یوتھ موومنٹ، پی ایم سٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند پروگرام، کامیاب جوان ایمپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام جیسے منصوبے شامل ہیں۔
وزیر اعظم سے وفاقی وزیر براے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن خالد مقبول صدیقی نے بھی ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اوردیگر امور زیر غور آئے۔وزیراعظم عمران خان سے جاپان کے سفیر کونی نوری ماتسودااور تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات عمر چیمہ نے بھی ملاقاتیں کیں۔