پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی صدر قمر زمان کائرہ کا بیٹا اسامہ اور اس کا دوست حمزہ بٹ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور سینئر سیاست دان قمر زمان کائرہ کا جواں سال بیٹا اسامہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔ اسامہ کائرہ گورنمنٹ کالج لاہور کا طالب علم تھا۔
پولیس حکام کے مطابق اسامہ کائرہ کار نمبر بی ایس 447 پر سوار تھا اور گھر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہو گئی اور اسامہ کائرہ موقع پر جاں بحق ہوگئے، جب کہ گاڑی میں سوار اسامہ کا دوست حمزہ بٹ شدید زخمی ہوا، جسے اسپتال پہنچا دیا گیا تاہم حمزہ بٹ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
قمر زمان کائرہ کو بیٹے کی ہلاکت کی اطلاع اسلام آباد میں دی گئی، اس وقت وہ میڈیا سے بات کررہے تھے، خبر ملتے ہی قمر زمان کائرہ پریس کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسیٰ اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے، جس کے بعد سے وہ غم سے نڈھال ہیں۔
بیٹے کی ہلاکت پر آرمی چیف، حکمراں جماعت تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، عوامی تحریک سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے قمر زماں کائرہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
اسامہ قمر کی نماز جنازہ آج سہ پہر تین بجے لالہ موسیٰ میں ادا کی جائے گی ۔