وفاقی وزارت مذہبی امور نے اضافی حج کوٹہ پر 20 مئی کو ہونے والی قرعہ اندازی ملتوی کردی ہے۔
رواں برس پاکستان کو سعودی عرب کی طرف سے حج کا اضافہ کوٹہ ملنے کے بعد سرکاری حج اسکیم کے تحت مزید 16 ہزار عازمین ارض مقدس کا سفر کریں گے، جس کے لئے 20 مئی کو قرعہ اندازی ہونا تھی۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کے مطابق قرعہ اندازی کی نئی تاریخ کا اعلان وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
وزارت حج کے ذرائع کے مطابق پہلی قرعہ اندازی میں ناکام رہ جانے والے تمام درخواست گزار اس قرعہ اندازی میں شامل ہوں گے اور جن درخواست گزاروں نے اپنی رقوم بینکوں سے واپس لے لی تھیں ان کے نام بھی قرعہ اندازی میں شامل ہوگا تاہم انہیں رقم واپس جمع کروانے کے لئے چند دن کا وقت دیاجائے گا۔
اضافی کوٹے کے حوالے سے یہ قرعہ اندازی 20 مئی کو ہونا تھی جسے اب ملتوی کردیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق نئی قرعہ اندازی میں کسی نئی درخواست کو شامل نہیں کیا جائے گا ، اس سے پہلے 29 اپریل 2019 کو وزارت مذہبی امور نے سعودی عرب کی جانب سے نئے حج کوٹہ ملنے کے بعد حج اسکیم میں ناکام ہونے والے درخواست گزاروں کو ایک اور موقع دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے نئے کوٹے کی قرعہ اندازی کی سمری منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کی تھی ۔
ترجمان وزارت حج و مذہبی امورکے مطابق قرعہ اندازی کی نئی تاریخ کا اعلان وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
واضع رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی عازمین حجاج کے لیے اضافی کوٹے کا معاملہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران اٹھایا تھا جس پر سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 16 ہزار افراد کے اضافی کوٹے کا اعلان کیا تھا۔ اس کوٹے کے اضافے کے بعد پاکستان کے مجموعی عازمین حجاج کا کل کوٹہ 2 لاکھ تک پہنچ چکا ہے۔