چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے 15 رکنی حتمی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ قومی ٹیم میں محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے جب کہ لیگ اسپنر شاداب خان پہلے سے ورلڈ کپ اسکواڈ پلان کا حصہ ہیں۔
لیگ اسپنر شاداب خان کو ورلڈ کپ کے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے، ان کی جگہ یاسر شاہ نے پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
ورلڈ کپ اسکواڈ میں سرفرازاحمد، فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، حارث سہیل، بابراعظم، آصف علی،شعیب ملک، حسن علی، عماد وسیم، محمد عامر، شاداب خان، وہاب ریاض، شاہین آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔
وہاب ریاض کی ٹیم میں واپسی سے متعلق انضمام الحق نے کہا کہ وہاب ریاض سینیئر اور تجربہ کار بولر ہیں، انہیں فہیم اشرف کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ وہاب ریاض کا انگلینڈ میں گیند کرنے کا بہت تجربہ ہے۔
عابد علی کو ڈراپ کئے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ عابدعلی کوورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کرنا آسان نہیں تھا، ہمیں لگتا ہے کہ انگلینڈ میں بیٹنگ کے لیے وکٹیں اور بھی اچھی ہو جائیں گی۔ آصف علی کو جارحانہ بیٹنگ اور اچھے اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے.
جبکہ جنید خان کی جگہ محمد عامر کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے. محمد عامر کو انگلینڈ میں بؤلنگ کا وسیع تجربہ ہے جس کی وجہ سے ان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے.
ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی ٹیم نے 24 اور 26 مئی کو 2 وارم اپ میچز کھیلنا ہے، 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں شیڈول میچ سے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔