کراچی: ڈالر کی اونچی اڑان آج بھی جاری ہے۔ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔
کرنسی مارکیٹ میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر مزید ایک روپیہ 35 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 151 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مزید 2 روپے مہنگا ہو گیا ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 151 روپے سے بڑھ کر 153 روپے کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اس وقت ملک کی معیشت ڈالرائزیشن کی طرف گامزن ہے۔ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کو اس موقع پر ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جس سے کرنسی مارکیٹ اور لوگوں کا بھروسہ قائم ہو۔ بصورت دیگر ڈالر کے مقابلہ میں روپے کے قدر میں کمی آتی چلی جائے گی۔