اسلام آباد میں گیارہ سالہ معصوم فرشتہ زیادتی کیس میں غفلت برتنے پر ایس ایس پی اسلام آباد نے ایس ایچ او شہزاد ٹاؤن کو معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی اسلام آباد نے ایس ایچ او شہزاد ٹاؤن کو معطل کرتے ہوئے سب انسپکٹر محمد عباس رانا کو سیف سٹی فیلڈ آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے اور ایس ایچ او کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
ایس ایس پی اسلام آباد کے مطابق درندہ صفت ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی دو ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہے۔
دوسری جانب کمسن فرشتہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش ایک ہفتے پرانی تھی، لاش سوختہ ہونے کے باعث کافی شواہد ضائع ہوچکے ہیں اس کے علاوہ جسم پرتشدد کے نشانات بھی موجود ہیں، تاہم پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ آنے میں مزید تین دن لگیں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ اعجازشاہ نے گیارہ سالہ بچی فرشتہ کے زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔