وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ملاقات کی تیاریاں جاری ہیں جو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پرمتوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس 14 ،15 جون کوکرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک روس سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حتمی شکل دی جائیگی۔
دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر پاک روس وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوگی ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل صدر مملکت ممنون حسین کی بھی اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے گزشتہ برس ملاقات ہوئی تھی۔
اس موقع پر روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا تھا کہ روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔