فرشتہ قتل معاملے میں نفرت پھیلانے پر پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی رہنما گلالئی اسماعیل کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے شہزاد ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں محمد ذیشان نامی شہری کی درخواست پر گلالئی اسماعیل کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گلالئی اسماعیل نے جھوٹے الزامات لگا کر واقعے کا رخ حکومت پاکستان کی جانب موڑ دیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں ایسے الفاظ استعمال کیے کہ پشتون بھائیوں کے دل میں ملک اور دیگر اقوام کے خلاف نفرت پیدا ہو۔ ویڈیو سے صاف ظاہر ہو رہا تھا کہ وہ پشتونوں کو جان بوجھ کر پاکستانیوں اور فوج کے خلاف اکسا رہی ہیں۔ ویڈیو بیان سے پاکستان کے شہریوں کی دل آزاری ہوئی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں چند روز قبل فرشتہ نامی 10 سالہ بچی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے کئی روز تک بچی کے اغوا کی رپورٹ ہی درج نہیں کی تھی۔