سپریم کورٹ نے ملزم کی بریت کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب )کی ایک اور درخواست مسترد کردی ہے ، چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ نیب ’ڈیل‘ کرتا ہوگا ہم ’ڈیل‘ نہیں فیصلے کرتے ہیں۔
عدالت عظمی کے چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے یہ اہم ریمارکس نیب کی جانب سے بے نامی اکاؤنٹس کیس کے ملزم کی بریت کے خلاف درخواست کی سماعت کے دورن دیے ۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ٹرائل کورٹ نے محمد نواز نامی ملزم کوسات سال کی سزا سنائی تھی مگر ہائیکورٹ نے ملزم کو بری کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نیب کی درخواست مسترد کر دی۔