وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اوآئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کوحتمی شکل دی جائے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا جائے گا، ایران کی صورت حال اورخطے میں کشیدگی پربات چیت ہوگی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس کی سائیڈ لائنزپرکچھ وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی متوقع ہے، کشمیر رابطہ گروپ کے ارکان اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات ہوگی، سمٹ لیول میٹنگ کے لیے وزیراعظم بھی تشریف لے جائیں گے۔