پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خان صاحب ملک کے ہر ادارے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے نیب میں پیشی کے موقع پر پی پی پی کارکنوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے، خان صاحب ملک کے ہر ادارے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، وہ کسی قسم کی تنقید برداشت نہیں کر رہے ہیں، اور نہ ان سے حکومت چل رہی ہے، نااہلی کو چھپانے کیلئے سازشیں استعمال کی جا رہی ہیں، پیپلزپارٹی تمام قانونی آپشن استعمال کرنے کیلئے تیار ہے۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ نیب کو مشرف نے بنایا، یہ کالا قانون ہے جسے سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیا، وزیرستان واقعے میں دوسرے فریق کا موقف سامنے نہیں آرہا، رکن قومی اسمبلی علی وزیر کا پروڈکشن آرڈر فی الفور جاری کیا جائے تاکہ وہ اپنا موقف بیان کرسکیں، لوگوں کو پتہ چلے کہ جنوبی وزیرستان میں کیا ہورہا ہے۔