آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ آج انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈکپ کا آغاز آج سے لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ پرہورہا ہے۔ افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اورجنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کی عالمی جنگ میں ڈیڑھ ماہ تک دس ٹیمیں انگلینڈ اورویلز کے 11 وینیوز پر48 میچز میں ایک ٹرافی کے لیے ایک دوسرے سے نبردآزماہوں گی۔
انگلش ٹیم چاربارمیگاایونٹ کی میزبانی کے باوجود اب تک ٹرافی نہیں جیت سکی۔لیکن دوسری مرتبہ ورلڈکپ کی قیادت کرنے والے اوون مورگن کی قیادت میں انگلش ٹیم کو ہرانا دیگر تمام ٹیموں کے لیے چیلنج ہے۔ بیٹنگ،اسپن اورفاسٹ بولنگ، فیلڈنگ ہرشعبے میں میزبان ٹیم متوازن ہے۔
1992 میں اکیس سالہ جلاوطنی کے خاتمے کے بعد جنوبی افریقہ کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں کیا جاتا ہے۔ لیکن وہ اب تک عالمی کپ ٹرافی پرقبضہ نہیں جماسکی۔ فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں پروٹیزٹیم کے پاس ہاشم آملا، ڈومینی، ایلگر اور کونٹن ڈی کوک جیسے بیٹسمین اورڈیل اسٹین ،ربادہ ،این گیندی جیسے فاسٹ اور عمران طاہر اورتبریز شمسی جیسے اسپنرز موجود ہیں۔ وہ اس بار ٹائٹل اپنے نام کرنے کےلیے پرعزم ہیں۔