ملائیشیا میں پھنسے 300 پاکستانی شہری خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پروزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری، ملائیشیا کے سفیر اوراعلیٰ حکام نے ان کااستقبال کیا۔
ملائیشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پی آئی ے کی خصوصی پرواز 9895 پونے گھنٹے کی تاخیر سے کوالالمپور سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی جن میں اکثریت کا تعلق خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں سے ہے۔ ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
پاکستانی باشندوں کے عزیزواقارب کی کثیر تعداد اپنے پیاروں کے استقبال کیلئے پہلے سے ایئرپورٹ پرموجود تھی۔ یہ پاکستانی شہری گزشتہ تین ماہ سے پاکستان اور بھارت کے خراب حالات کے باعث مشرقی فضائی حدود بند ہونے کے باعث پھنسے ہوئے تھے، جن کا معاملہ سامنے آنے پر وزیر اعظم کی ہدایت پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز گزشتہ شب چین کے راستہ روانہ کی گئی تھی۔
اس موقع پرایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرورخان نے کہا کہ پچھہتر لاکھ پاکستانی بیرون ملک میں مقیم ہیں۔ عمران خان کے دل میں اوورسیز پاکستانیوں کی قدر ہے۔ بیرون ملک قید پاکستانیوں پر عمران خان کا دل دکھتا ہے۔ عمران خان نے ملائیشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے اہم کردار ادا کیا۔
جبکہ زلفی بخاری نے کہا کہ غیرقانونی ایجنٹ کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ سعودی عرب میں 2100 قید پاکستانیوں میں سے تین سو وطن پہنچ گئے ہیں۔ تین ماہ میں باقی پاکستانی بھی وطن پہنچ جائیں گے۔