ورلڈ کپ مہم کا مایوس کن آغاز۔ ویسٹ انڈیز نےپاکستان کو 7 وکٹوں سےشکست دیدی۔ 105 رنز کا ہدف صرف 13.4 اوورز میں پورا کرلیا۔ تینوں وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ میں بڑا جھٹکا دے دیا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 21.4 اوورز میں صرف 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ صرف چار کھلاڑی ڈبل فیگرز تک پہنچ پائے، فخر زمان اور بابر اعظم نے 22 ، 22 رنز بنائے، وہاب ریاض 18 اور محمد حفیظ 16 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوشانے تھامس نے 4 اور جیسن ہولڈر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگ میں 106 رنز کا ہدف حاصل کرتے کرتے ویسٹ انڈیز نے بھی 3 وکٹیں گنوادیں، کرس گیل اور شائی ہوپ نے 36 رنز کا آغاز فراہم کیا، شائی ہوپ آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین تھے۔ انہوں نے 11 رنز بنائے۔ کرس گیل 50 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ڈیوائن براوو کھاتہ بھی نہ کھول پائے، تینوں وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں۔
پوران 34 اور ہیٹ مائر 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ویسٹ انڈیز نے 13.4 اوورز میں تین وکٹوں پر ہدف پورا کرکے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ 4 وکٹیں لینے والے اوشین تھامس کومین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔