اوآئی سی سربراہی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں دو طرفہ سیاسی، تجارتی، اقتصادی تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات او آئی سی سربراہ اجلاس کے سائیڈ لائنز پرہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ سیاسی، اقتصادی اورتجارتی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد اور سپریم کوارڈینیشن کے پہلے اجلاس کے فیصلوں پر بھی جلد عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم پاکستان نے مؤخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل کی فراہمی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے برادرانہ اقدام سے پاکستانی معیشت بہترہوئی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کے دورے کا خیرمقدم کیا۔
اس سے قبل مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے 14ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جاسکتا جبکہ او آئی سی کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کا ساتھ دے۔