او آئی سی نے مسئلہ فلسطین کو مسلم امہ کا بنیادی مسئلہ قرار دیتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دیا ہے، اعلامئیے میں عالمی برادری سے خطے میں امن برقرار رکھنے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے 14 ویں سربراہ اجلاس کا بارہ نکاتی اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیے میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب میں دی گئی تجاویز بھی شامل ہیں۔
اعلامیے میں فلسطین کے مسئلہ کو اسلامی امہ کا اہم مسئلہ قرار دیا گیا اور فلسطینی عوام سےمکمل یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس آزاد فلسطینی ریاست کا دارالخلافہ ہے جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات پر حملوں کی مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے خطے میں امن و استحکام کے لیے کردارادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اوآئی سی نے فلسطینی عوام کی اسرائیلی قبضے کیخلاف جدوجہد کی مکمل حمایت کااعلان کرتے ہوئے فلسطینی کے مقبوضہ علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اوآئی سی سربراہ اجلاس میں دہشت گردی کو شہریت، مذہب یا کسی بھی علاقے سے جوڑنے کو مستردکیاگیا اور مذہب، رنگ، نسل، کی بنیاد پر عدم برداشت اور امتیازی سلوک کی مذمت کی۔
اسلامی تعاون تنظیم نے جبر، ناانصافی، تشدد کیخلاف جدوجہد کرنیوالے مسلمانوں کی حمایت کی اور کہا اسلامی دنیا کی سلامتی واستحکام کیلئےعالمی چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔