کوئٹہ کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں مسافر وین اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں خاتون اور 3 بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ قلعہ سیف اللہ کےعلاقے علی خیل کے مقام پر پیش آیا، جہاں ٹرک اور مسافر وین میں آپس میں ٹکراگئے، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور 3 بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مسافر وین کوئٹہ سے ژوب آرہی تھی۔
واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال قلعہ سیف اللہ منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔