کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے پانچویں میچ میں بنگلا دیش نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر میگا ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
اوول میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور 330 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بناسکے. جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک اور ایڈن مارکرام نے اننگز کا آغاز کیا، ڈی کوک 23 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے اور مارکرام 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان فاف ڈپلسی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی مگر وہ 62 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے اور ڈیوڈ ملر بھی 38 رنز ہی بناسکے جب کہ رسی وین نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، اینڈلے پھلوایاکو 8 اور کرس مورس 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، جے پی ڈومینی کی ہمت بھی 45 رنز پر جواب دے گئی۔
بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 3، محمد سیف الدین نے 2 جب کہ مہدی حسن اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے ٹیم کو 60 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، تمیم اقبال 16 رنز ہی بناسکے اور سومیا سرکار 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 142 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سچریاں مکمل کیں، شکیب 75 رنز بنانے کے بعد عمران طاہر کا شکار بنے جب کہ محمد متھن بھی 21 رنز پر عمران طاہر کی وکٹ بنے۔
مشفق الرحیم کی ہمت 78 رنز پر جواب دے گئی، وہ اینڈلے پھلوایاکو کا شکار بنے۔ محمود اللہ اور مصدق حسین نے آخری اوورز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو ایک اچھا ٹوٹل دینے میں کامیاب رہے، مصدق 26 رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد اللہ 46 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اینڈلے پھلوایاکو، عمران طاہر اور کرس مورس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔