سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کچھ نہیں پتہ، یہ سب وزیر داخلہ کروا رہا ہے۔
کمرہ عدالت میں میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی گفتگو میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کچھ نہیں پتہ، سب وزیر داخلہ کروا رہا ہے، پرویز مشرف منتخب نہیں تھے اس لیے جیل جانے کو تیار نہیں، پرویز مشرف نے ووٹ نہیں مانگنے جانا ہم نے ووٹ مانگنے جانا ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ گرفتاری تھرڈ ورلڈ ممالک میں سیاست کا حسن ہے، میری گرفتاری دباؤ کے حربے ہیں جب کہ میں نے کہا تھا کہ چیئرمین نیب کی کیا مجال، سب حکومت کرتی ہے تاہم عمران خان کو لندن بھاگتا دیکھ رہا ہوں۔
ایک سوال پر کہ نواز شریف کو پارلیمنٹ سے آؤٹ کیا گیا، کیا آپ پر بھی وہی فارمولا اپلائی کیا جارہا ہے، آصف زرداری نے کہا کہ فرق کیا پڑے گا، میں نہیں ہوں گا تو بلاول ہوگا اور بلاول نہیں ہوگا تو آصفہ ہوگی۔ صحافی کی جانب سے سوال پر کہ نواز شریف نے میمو گیٹ پر اظہارافسوس کیا، آپ کو بلوچستان حکومت گرانے پر افسوس ہے، سابق صدر نے کہا کہ سیاست میں انسان کو پوزیشن لینا پڑتی ہے۔