وزیراعظم آفس نے شہریوں کی شکایات مقررہ وقت پر حل نہ کرنے پر ایف آئی اے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے سے وضاحت طلب کرلی۔
وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو خط لکھ کر کہا کہ تھرپاکر کے شہری عبدالغنی کی شکایت پر 19 دسمبر 2018 کو ایف آئی اے کو انکوائری کی ہدایت کی گئی تھی، مگر 3 ماہ کی انکوائری 5 مہینے گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکی۔
وزیراعظم آفس نے کہا کہ کشمیر کے شہری نے بھی 3 مارچ کو بینکنگ ٹرانزیکشنز کی ای میلز کے حوالے سے شکایت کی تھی لیکن اس کی شکایت پر بھی ایف آئی اے نے تاحال کوئی رپورٹ پیش نہیں کی، پاکستان سٹیزن پورٹل کے نام پر جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف بھی 5 ماہ تاخیر سے کارروائی ہوئی۔
سیکرٹری وزیراعظم نے کہا کہ ایف آئی اے شکایات کے حوالے سے رپورٹ فوری طور پر وزیراعظم آفس کو جمع کرائے اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے شکایات کے حل میں تاخیر کی وضاحت پیش کریں جبکہ مقررہ مدت میں شکایات کا حل یقینی بنایا جائے۔
اس سے قبل بھی وزیراعظم آفس نے ایف آئی اے حکام سے شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق جھوٹی رپورٹ پر وضاحت طلب کی تھی۔